لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میںآکر بغیر کسی تعصب کے تعلیم ، صحت ، رہائش ، روزگار ، صاف پانی ، بجلی و گیس سمیت تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات ہر شہری کو یکساں فراہم کرے گی جب کہ سابقہ اور مو جو دہ حکومتوں نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ہیں اور انہیں ضروریات زندگی سے محروم کردیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں اور قومی آزادی و خود مختاری کا تحفظ کرتے ہوئے ہر قسم کی مداخلت کا سدباب کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کی سیاسی و انتخابی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ میاں محمد اسلم نے مزید کہا کہ قوم کو ووٹ دینے سے متعلق اپنے رویے اور طر یقے کو بد لنا ہو گا۔ ووٹ کی پر چی کا درست استعمال ملک اور قوم کے مستقبل کو سنوار سکتا ہے۔ملک میں کلمہ طیبہ کے نام سے تبدیلی کی ہو ا چل پڑی ہے، لو گ پی ٹی آئی ،مسلم لیگ اور پیپلز پا رٹی کی روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔گزشتہ 70 برس سے برسراقتدار طبقے نے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر قوم کوجن مسائل سے دو چار کیا ، اب وقت آگیا ہے کہ قوم دیانت دار قیادت کا انتخاب کر کے ظلم کی اس تاریک رات کا خاتمہ کردے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک واضح پروگرام کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے، ہمارا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔