سکھر (نمائندہ جسارت) مبینہ پولیس مقابلے میں عرفان جتوئی کی ہلاکت کا معاملہ، آئی جی سندھ کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی انکوائری کے لیے ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد کی سربراہی میں سکھر پہنچ گئی۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ڈاکٹر جمیل کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی نے پولیس مقابلے کے مقام کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ڈاکٹر جمیل احمد کے ہمراہ ایس ایس پی کشمور امجد شیخ بھی تھے، انکوائری کمیٹی ایڈیشنل آئی جی آفیس سکھر میں عرفان جتوئی کے ورثا کا بیان بھی ریکارڈ کرے گی۔ پولیس نے 3 مارچ کو عرفان جتوئی کو مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا، قوم پرست جماعتوں، سول سوسائٹی کے احتجاج پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیکر ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد کی سربراہی میں تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔