حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش کے اعلامیے کے مطابق جے یو پی کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر کی ہدایت پرعورت مارچ کی آڑ میں اسلام کا تمسخر اڑانے والوں کیخلاف آج یوم حرمت اسلام منایا جائے گا، ملک بھر میں جے یو پی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔ اس ضمن میں جمعیت علماء پاکستان پاکستان کی مقامی تنظیموں نے تیار کرلی ہے، ملک بھر کی طرح جمعیت علماء پاکستان ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام آج 3:30 بجے پریس کلب حیدرآباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ہوگا، جس سے جے یو پی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی قائدین خطاب فرمائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جے یوپی ملک کے ہر شہرمیں حضور سرور کائناتﷺ اور امہات المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی کردار کشی کرنے والوں کیخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عورت مارچ کی آڑ میں اسلام اور پیغمبر اسلام کیخلاف کردار کشی کرکے اسلام کا تمسخر اڑانے، عریانی، فحاشی، بے حیائی کو فروغ دے کر مغربی کلچرو ثقافت کو ملک میں پھیلانے والوں کیخلاف ریاست مدینہ کے دعویدار حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ واقعہ کو دو ہفتے گزر جانے کے باوجود حکومت ان گستاخوں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لے سکی۔ حکومت گستاخوں کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائے اور ملک کو انتشار سے نجات دلائے۔