کراچی (سید وزیر علی قادری)فٹبال کھیل سے حکومتی عدم دلچسپی اور میڈیا کے غیرمناسب رویہ کی وجہ سے لیاری اور کراچی کے دیگر علاقوں میں اس کھیل کو جو پزیرائی ملنی چاہیے تھی وہ اس سے محروم ہے۔ پوری دنیا میں فٹبال کھیل کو جہاں عوام کی پزیرائی حاصل ہے وہیں حکومتی سرپرستی اور میڈیا کی بھر پور حمایت بھی حاصل ہوتی ہیں لیکن ہمارے ہاں اس کھیل سے سوتیلی ماں کی طرح رویہ رکھا جارہا ہے جس سے لیاری کے نوجوان کھلاڑی مایوسی کا شکار ہیں۔اس حوالے سے ردعمل اس وقت سامنے آیا جب نمائندہ جسارت نے فٹبال فیڈریشن کے عہدیداروںکی آپس میں چپقلش نے پہلے انتخابات کالعدم اور پھر نارملائزیشن کمیٹی بنا کر شفاف انتخابات کی ذمہ داری سونپی جس میں وہ ناکام رہے اور اب اطلاعات ہیں کہ کہیں عالمی فٹبال تنظیم فیفا پابندی ہی نہ لگا دے لیاری اور دیگر فٹبال کلبز کے آرگنائزرز اور کھلاڑیوں سے ردعمل جاننے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ فٹبال اور فٹبالر ز اس بات کے مستحق ہیں کہ ان کی سرپرستی کی جائے۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے آرگنائزر ہمیشہ اس کھیل کو اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کسی حکومتی سرپرستی اور بڑے بڑے اداروں کی اسپانسر شپ اس کھیل کے فروغ کے لیے کمربستہ ہیں جس کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔