اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے آصف زرداری کے نیب ریفرنس اسلام آباد سے کراچی منتقلی کے کیس کی سماعت نیب وکیل کی استدعا پر1 ماہ کے لیے ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر عدالت عظمیٰ کی بھی ہدایات ہیں ان کو دیکھ لیں گے، اس وقت نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست آئی ہے، جہانزیب بھروانہ کو کورونا ہوگیا ہے اس لیے سماعت ملتوی کرتے ہیں۔ وکیل آصف زرداری فاروق نائیک نے اس موقع پر استدعا کی کہ سماعت15 روز تک ملتوی کریں، میں نے بھی ویکسین کا پہلا ڈوز لگوایا ہے، اینٹی باڈیز دوسرے ڈوز کے بعد بنتی ہیں، جس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جہانزیب بھروانہ15 روز میں صحت یاب ہوںگے، اس لیے1 ماہ کی تاریخ دیتے ہیں۔ جسٹس عمرعطابندیال نے اس موقع پر فاروق ایچ نائیک کو اپنا خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔