لاہور (نمائندہ جسارت)نیب لاہور آج مریم نواز کی پیشی ملتوی کردی ہے۔ جاری کردہ نیب اعلامیے کے مطابق پیشی کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے۔ پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ نیب میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے ہر نوعیت کے ہجوم کو اکٹھا کرنے پر پابندی ہے۔مریم نواز کی گزشتہ پیشی پر نیب عمارت پر دانستہ پتھرائو کیا گیا تھا۔ مریم نواز کی پیشی این سی او سی کی گائیڈ لائنز اور مفاد عامہ کے پیش نظر ملتوی کی جارہی ہے۔نئی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔اس موقع پر نیب اجلاس میں انتظامیہ کو فی الفور تمام سیکورٹی اقدامات ختم کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔نیب کی جانب سے پیشی ملتوی ہونے کے بعد جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اب نیب کے لیے آسان شکار نہیں بنوں گی۔ نیب نے جتنا انتقام لینا تھا وہ ہو چکا اب ان کے انتقام کا دور گزر گیا۔اب ظلم کے مٹنے کے دن آ گئے ہیں۔نیب کو مخالفین کے خلاف انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔نیب عمران خان کے کہنے پر چلتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پیشی ملتوی کی گئی تو وزیراعظم نے اجلاس کیوں کیا۔عمران خان نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی۔ملک میں قانون ہے تو وزیراعظم آفس میں بھی لاک ڈائون ہونا چاہیے۔نیب کے پیچھے اصل چہرہ عمران خان اور جعلی حکومت کا ہے۔قبل ازیں مریم نے ٹوئٹ میں کہا کہ سلیکٹڈ الیکشن سے بھاگے گا نہیں تو اور کون بھاگے گا؟ کیوں ڈرتے ہو عوام سے ؟ کیوں ڈرتے ہو ووٹ سے؟ کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ ادارے بھی تمہیں عوام کے غیظ و غضب سے نہیں بچا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے ۔