اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ نے امریکی صحافی ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزم عمر شیخ کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کی اجازت دے دی۔جمعرات کو عدالت عظمیٰ میں ملزمان کی رہائی کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی ۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب فیصل چوددھری نے عدالت کو بتایا کہ عمر شیخ کی جانب سے پنجاب فیملی کی وجہ سے منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے، احمد عمر شیخ کو جیل ملازمین کی کالونی میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،باہر رکھنے پر رینجرز ،پولیس کے انتظامات کرنے پڑیں گے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ بہت سے ہائی سیکورٹی ایریاز ہیں اور عمرشیخ کو وہاں منتقل کرسکتے ہیں، عمرشیخ کی مستقل رہائی کا حکم نہیں دے رہے صرف منتقل کردیں۔وکیل عمرشیخ نے دلائل دیے کہ جیل کی حدود تو جیل ہوتی ہے، آنا جانا مشکل ہوگا، عادل شیخ بیمار ہے ،اسے علاج کی ضرورت ہے۔عدالت نے کہا کہسندھ حکومت عادل شیخ کو علاج کی سہولیات فراہم کرے، ان افراد کی رہائی کے حکم کے بعد لگاتار حراست پر عدالت مطمئن نہیں۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے میں عمر شیخ کو پنجاب منتقل کردیں گے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 2ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر چیف سیکرٹری پنجاب کو بھی طلب کرلیا۔واضح رہے کہ وفاق اور سندھ حکومت نے ڈینیل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کے خلاف درخواستیں دائر کی ہیں۔