حکومت کے پائوں اکھڑگئے الٹی گنتی شروع ہوگئی،پی ڈی ایم

191

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے خلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے، نیب کو اپوزیشن کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں بے لاگ احتساب چاہتی ہیں، عمران خان کی حکومت کے پاوں اکھڑ چکے، الٹی گنتی شروع ہو گئی۔ ہمارا راستہ روکا گیا تو امن کی ذمے داری حکومت کی ہوگی، احتساب کرناہے توآٹاچینی چور اورمالم جبہ نظرنہیں آتا،یک طرفہ احتساب کوہم جوتے کی نوک پررکھتے ہیں۔ جمعرات کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرائے کے ترجمان کہتے ہیں پی ڈی ایم کی کوئی حیثیت نہیں لیکن اب حکومتی ارکان کو پتا چل گیا کہ پی ڈی ایم کی کیا اہمیت ہے، حکومت نیب کو استعمال کر رہی ہے، مسلم لیگ(ن)اور پی ڈی ایم پرامن اور جمہوری سیاست پر یقین رکھتی ہیں۔ اگر ہمارا راستہ نہ روکا گیا تو اپنی لیڈر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جائیں گے،پی ڈی ایم آئینی راستہ اختیار کرے گی تاہم اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو امن کی ذمے داری حکومت کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب پولیس سے کہتا ہوں حکمرانوں کے کہنے پر امن خراب نہ کریں اور پنجاب پولیس پرامن صورتحال کے لیے ہمارے ساتھ تعاون کرے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نیب کو اپوزیشن کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں بے لاگ احتساب چاہتی ہیں، عمران خان کی حکومت کے پائوں اکھڑ چکے، الٹی گنتی شروع ہو گئی۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ نیب جو کچھ کر رہا ہے یہ احتساب نہیں، ایک قانون سب پر لاگو ہونا چاہیے، جس کے ہم حق میں ہیں۔ مریم نواز کے ساتھ پیپلز پارٹی کے کارکن بھی جائیں گے، اگر روکا گیا تو ذمے داری ان پرعاید ہو گی۔ رہنما جے یو آئی (ف) عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم احتساب چاہتے ہیں،لیکن جب احتساب کرناہے توآٹاچینی چوراورمالم جبہ نظرنہیں آتا،یک طرفہ احتساب کوہم جوتے کی نوک پررکھتے ہیں۔ ڈھائی سال سے اپوزیشن پرالزامات لگا کر صرف ان کا احتساب ہو رہا ہے، جس کسی نے ملک وقوم کو نقصان پہنچایا اس کیخلاف بھرپور ایکشن ہونا چاہیے۔