لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے ۔ پی ٹی آئی حکومت میں سرکاری اداروں کے ملازمین ہر روز سراپا احتجاج ہیں مگر حکومت ڈھٹائی کا مظاہرہ کر تے ہوئے ان کے مطالبات کو سنی ان سنی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں پنجاب سول سیکرٹریٹ کے باہر پہلے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے 6 روز دھرنا دیا اور اب اساتذہ اور دیگر صوبائی محکموں کے ہزاروں سرکاری ملازمت پیشہ مرد و خواتین تنخواہوں میں اضافے کے لیے سراپا احتجاج ہیں لیکن حکومت ان سے مذاکرات نہ کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے ۔ اسی طرح پنشنرز اورای او بی آئی کے ریٹائرڈ پنشنرز کی پنشن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ۔ پی ٹی آئی حکومت نے پچھلے سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے ان کا معاشی استحصال کیا تھا اب تو قیامت خیز مہنگائی سروں پر مسلط ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سرکاری ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی تائید و حمایت کرتی ہے ۔