سگ گزیدگی:جنید مکاتی کی ایم پی اے کیخلاف مقدمے کی درخواست

353

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سابق پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی نے ضلع شرقی کی یونین کونسل نمبر12کے رہائشی بچے کے سگ گزیدگی کے واقعے میں زخمی ہونے اور علاقے میں آوارہ کتوں کی بہتات پر تھانہ فیروزآباد میں حلقہ پی ایس 103کے رکن اسمبلی کی معطلی اوردرخواستیں جمع کرانے کے باوجود متعلقہ اداروں کا کوئی اقدامات نہ کرنے پرسیکرٹری یوسی عاصمہ بتول، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق خان کے خلاف ایف آئی آر کاٹنے کی درخواست جمع کرا دی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی کے رکن کی رکنیت معطل کرنے کے ساتھ متعلقہ حکام کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔جنید مکاتی نے کہاکہ ہم آوارہ کتوں کی بہتات پر یونین کونسل میں بارہاتحریری درخواست جمع کراچکے ہیں لیکن حکام کی مجرمانہ غفلت سے مسلسل سگ گزیدگی کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔اس وقت صورتحال اس قدر خطرناک ہوگئی کہ ہائیکورٹ نے بھی آوارہ کتوں کو ختم کرنے سے متعلق علاقے کے رکن صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں لیکن اس کے باوجود اب تک علاقے میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس سے افسوس ناک واقعا ت ہورہے ہیں،جہاں علاقہ مکین بھی خوف سے گھروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں، متعلقہ اداروں میں متعدد بار شکایات کی گئیں لیکن کوئی بھی اس پراقدامات کرنے کو تیار نہیں ہے۔