ایڈیشنل آئی جی نے نیبرہڈ سیکورٹی پروجیکٹ کے کمانڈ روم کا افتتاح کردیا

730

کراچی (رپورٹ/ محمد علی فاروق) ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں کمیونٹی پولیسنگ کے تحت قائم کیے جانے والے نیبرہڈ سیکورٹی اینڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن ریٹائرڈ عاصم قائم خانی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل، این اے 256کے رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون، ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ، سی پی ایل سی کے ڈپٹی چیف مراد سونی اور علاقے کے عمائدین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔نیبرہڈ سیکور ٹی اینڈ ڈیولپمنٹ گروپ کمیونٹی پولیسنگ کوفروغ دینے کیلئے تشکیل دیا گیا ہے جس میں نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس کی نمائندگی شامل ہے اور اس ادارے کے تحت ابتدائی طورپر نارتھ ناظم آباد کے بلاکس بی، سی ای اور ایف میں سیکورٹی کمرے لگائے گئے ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھی جاسکے اور کسی بھی واردات کی صورت میں کیمروں کے ذریعے مجرموں کی نشاندہی میں آسانی رہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے پولیس اور عوام کی کمیونٹی پولیسنگ کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ عوام کی شمولیت کے بغیر سیکور ٹی کو ممکن بنانا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 ملین کے خرچے سے یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بنا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں سے پولیس کو مدد ملے گی، پولیس اور شہری مل کر کام کریں تو جرائم میں واضح کمی آئے گی، ایک سال میں شہری کے اشتراک سے 27 ہزار کیمرے لگائے گئے، پبلک اور پولیس کے درمیان جرا ئم کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوشش قابل ستائش ہے۔ یہ وہ پولیس ہے جس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہر کا امن بحال کرایا ہے۔پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں سے کرائم انڈیکس میں کراچی 47 نمبر سے 106 نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں قائم کمانڈاینڈ کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن ریٹائرڈ عاصم قائم خانی نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد کے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کر کے ثابت کر دیا ہے کہ عوام اور پولیس مل کر ہی شہریوں کی سیکورٹی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ اس پروگرام کو ماڈل کے طور پر پیش کیا گیا ہے ،شہر میں اس طرح کے مزید پروجیکٹس بنا ئے جائیں گے ، آئندہ کے لائحہ عمل میں تھانو ں کی سطح پر علاقے میں موجود ریٹائرڈ اعلیٰ افسران پر مشتمل افراد پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ وہ خاندانی مسائل کو حل کرانے میں اپنے کردار ادا کر سکیں ۔ رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے اس موقع پر کہاکہ کراچی کے عوام اپنے حقوق اور ذمے داریوں کو پہچانتے ہیں اور مجھے نہایت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ این ایس ڈی سی (NSDC)کے پلیٹ فارم سے پولیس اور عوام مل کر کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں اور اپنے مسائل خود حل کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔اس موقع پر مراد سونی نے نیبر ہڈ سیکوریٹی ڈیولپمنٹ اینڈ کلین لیس کے ادارے کے اغراض ومقاصد سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور شہریوں کے درمیان فاصلوںکو ختم کرنے کے لیے یہ پروگرام اہم کردار ادا کر ے گا اس سے براہ راست عام افراد کو فائدہ پہنچے گا ، ہم نے اس پروگرام کے تحت علاقے کو گرین ،کلین رکھنے کے ساتھ سیکورٹی بھی فراہم کرنے کوشش کی ہے ،جبکہ ہمارے آئندہ کے پروگرام میں پولیس اہلکار اور افسران کو میڈیکل کی تما م سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ ادارہ نارتھ ناظم آباد سے نکل کر جلد پورے شہر میں پھیل جائے گا اور عوام اور پولیس مل کر شہریوں کو جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ فراہم کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے نیبر ہڈ سیکورٹی اینڈ ڈیولپمنٹ کے ارکان میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔