کوئٹہ(نمائندہ جسارت)قومی احتساب بیورو بلوچستان نے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی منظوری سے محکمہ کوسٹلڈیولپمنٹاینڈ فشریز میں تقریباًایک ارب روپے کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل کرکے19ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں جمع کرادیا۔ترجمان نیب کے مطابق محکمہ کوسٹل ڈیولپمنٹ اینڈ فشریز میں تقریباً ایک ارب روپے کے غبن کا کھوج لگاتے ہوئے سابق سیکرٹری محکمہ کوسٹل ڈیولپمنٹ اینڈ فشریز،ڈی جی فشریز اور محکمہ کوسٹل ڈیولیمنٹ اینڈ فشریز کے افسران سمیت 19افراد کے خلاف احتساب عدالت کوئٹہ میں ریفرنس دائر کر دیاہے۔ملزمان نے ملی بھگت سے مروجہ قوانین اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔نیب بلوچستان نے مرکزی ملزمان سے مزید حقائق کی جان کاری کے لیے سابق سیکرٹری محکمہ کوسٹل ڈیولپمنٹ اینڈ فشریز اور ڈی جی فشریز کو گرفتار کیا تو مزید ملزمان کی ملی بھگت کے شواہد سامنے آئے جس پر مختلف کمپنیوں کے ذمے داران اور محکمہ کوسٹل ڈیولپمنٹ اینڈ فشریز کے افسران کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کردیاگیا ہے۔