اسلام آباد(نمائندہ جسارت) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہجنوبی ایشیا کی قیادت تعصب، مذہبی انتہا پسندی کی سیاست کو ترک کرے۔یوم پاکستان پریڈ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی صلاحیت سے لیس ہیں ، اپنی آزادی کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے،دفاعی صلاحیت میں خود مختاری حاصل کرچکے ،جنگ ہویا اندرونی خلفشار، دہشت گردی ہو یا قدرتی آفت، عوام اور افواج نے وطن کی حفاظت میں کردار ادا کیا ہے۔عارف علوی نے کہاکہ ہم پورے خطے میں امن و سلامتی چاہتے ہیں اور ترقی کے خواہش مند ہیں۔صدر مملکت کے بقول جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مقبوضہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے، 5 اگست کا اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کشمیریوں کے ساتھ ظلم پر پاکستان سمیت پوری دنیا کو تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی، دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا نوٹس لے۔ عارف علوی نے کہا کہ چین ہمارا حقیقی اور سچا دوست ہے، دفاع، معیشت اور سفارتکاری سمیت ہر شعبے میں پاک چین تعاون مضبوط ہورہا ہے، کورونا ویکسین کی فراہمی پر چین کے شکرگزار ہیں۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دوست ممالک ترقی اور خوشحالی میں ہمارے ساتھ ہیں، آج پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، پرامن بقائے باہمی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا جز ہے، خلیجی ریاستوں اور وسطی ایشیا کے ساتھ ہمارے مضبوط تعلقات ہیں، افغانستان میں امن کے لیے پاکستانی قوم نے بیشمار قربانیاں دیں، دنیا افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی معترف ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی جیسے فورم کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ باہمی اختلافات بھلا کر اسلامو فوبیا کا مقابلہ کیا جائے۔صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو کورونا کی وبا کا سامنا ہے، پاکستان نے کم وسائل کے باوجود کورونا وبا کا سامنا کیا، ہم بہت جلد کورونا وبا پر قابو پالیں گے لیکن احتیاط لازم ہے۔قبل ازیں شکرپڑیاں گرائونڈ میں بھر پور فوجی اور دفاعی قوت کا مظاہرہ کیا گیا۔وزیر دفاع ،چیئرمین سینیٹ ،اسپیکر قومی اسمبلی ،وفاقی وزرا، اراکین اسمبلی ،سفارت کاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے پریڈتقریب میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے ہوا،صدر عارف علوی کی آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا، وہ مخصوص صدارتی بگھی میں پریڈ گرائونڈ میں آئے ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے ایف 16 بلاک 52 کا جدید ترین لڑاکا طیارہ اڑایا۔برادر اسلامی ملک ترکی کے لڑاکا جہاز سولو ترک نے خوبصورت فضائی کرتب دکھاکر تقریب کو چار چاند لگادیے۔چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر کے فلوٹس پرپاکستانی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں تھے اور فنکار اپنی فن کا مظاہرہ بھی کررہے تھے ۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ کے فلوٹس بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔