کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے خلاف کرپشن کی تیسری نیب انکوائری میں ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت28 اپریل تک ملتوی کردی۔مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے خلاف کرپشن پر تیسری نیب انکوائری میں ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی جہاں اعجاز جاکھرانی کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو عبوری ضمانت خارج کردیں گے۔عدالت نے اعجاز جاکھرانی کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ۔اعجاز جاکھرانی کے وکیل کا کہنا تھا کہ اعجاز جاکھرانی سکھر ہائیکورٹ میںپیشی کے لیے گئے ہیں اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت کا کہناتھا کہ یہ ان کا مسئلہ ہے،آئندہ سماعت پر ہر صورت میں پیش ہونا ہوگا۔عدالت نے اعجاز جاکھرانی کے خلاف ریفرنس دائر کرکے 28 اپریل تک رپورٹ طلب کرلی۔