اسلام آباد (نمائندہ جسارت / اے پی پی/ مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 12 انکوائریز کی منظوری دی ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ریٹائرڈ) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں 12 انکوائریز کی منظوری دی گئی‘ ان میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن، راشد علی اترو، سید مسعود حسین شاہ، نسرین کامران، سجاول سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ، عبد الحفیظ اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی‘ سابق سٹی ناظم کوئٹہ فضل امین شاہ، سابق چیئرمین کوئٹہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی مقبول احمد لہڑی، صدام باذئی ایریگیشن اینڈ پاور ڈپارٹمنٹ حکومت بلوچستان، صالح محمد پلان انٹرنیشنل (این جی او)، سعید احمد پراپرائٹر جی این ایس ٹریڈرز، عابد سولانگو اکائونٹنٹ پاپولیشن ڈپارٹمنٹ اور دیگر، عبد الغفار پراپرائٹرر اینڈ رانا بلڈرزاینڈ ڈویلپرز سکھر کے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔اس موقع پر جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کسی دبائو اور دھمکی کی پرواکیے بغیر آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض دیتا رہے گا‘ نیب کا ایسے تمام افراد کو مشورہ ہے کہ نیب پر بلاجواز تنقید کرنے کے بجائے اپنا وقت اپنے خلاف معزز احتساب عدالتوں میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر دائر ریفرنسز کے دفاع میں صرف کریں‘ بڑی مچھلیوں کے خلاف میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا اور ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔