اسلام آباد(آن لائن) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری سے رابطہ کیا ہے اور دونوں رہنمائوں کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روک دیا اور کہا کہ بچوں کو سمجھائیں بچکانہ سیاست نہ کریں، ایسے بیانات سے پی ڈی ایم کی تحریک کو شدید نقصان پہنچے گا،دونوں رہنمائوں نے مولانا کی تجویز کی حمایت کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ نے پہلے زرداری سے رابطہ کیا اور دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ مولانا نے کہا پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو مشترکہ فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے ،پی ڈی ایم کے فیصلوں کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی نشست مسلم لیگ (ن) کو دینے کی حمایت کی گئی تھی ،امید ہے پیپلزپارٹی فیصلوں کا احترام کرے گی۔ذرائع نے بتایا کہ فضل الرحمن نے گزشتہ روز لاہور میں بلاول کی جانب سے بیان کا بھی معاملہ اٹھایا اور کہا کہ ایسے بیانات سے پی ڈی ایم کی تحریک کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ،پی ڈی ایم کی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی شروع کر دیں تو تحریک کا مقصد ختم ہو جائے گا۔اس حوالے سے پارٹی قیادت کو نوٹس لینا چاہیے اور پارٹی رہنمائوں کو فوری بیان بازی سے روکنا چاہیے۔ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنمائوں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ،دونوں رہنمائوں نے تمام معاملات مل جل کر حل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔فضل الرحمن نے زرداری سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو پر نواز شریف کو اعتماد میں لیا ۔دونوں رہنمائوں کے درمیان آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ، مولانا فضل الرحمن نے دونوں رہنماؤں کو ایک دوسرے کے مخالف بیان بازی سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ پی ڈی ایم کو متنازع بیانات سے نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا ہم حکومت کے خلاف متحد ہونے ہیں ایک دوسرے سے لڑنیکے لیے نہیں، اس پر نواز شریف نے مولانا فضل الرحمن کی تجویز کی حمایت کی اور کہا کہ ہماری پارٹی کی جانب سے کوئی بیان بازی نہیں کی گئی بلکہ پارٹی قائدین اور رہنمائوں کو ہدایت جاری کررکھی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کسی بھی سیاسی بیان کا جواب نہ دیا جائے۔