گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ بنیں گے‘ ووٹ چوری قبول نہیں‘ بلاول

177

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ بنیں گے کیونکہ وہ حقیقی اور قانونی طور پر منتخب چیئرمین ہیں، وووٹ چوری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔بدھ کو اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ یوسف گیلانی کے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے معاملے پرانصاف کے حصول کے لیے ہرفورم پرجائیں گے۔بلاول نے کہا کہ آئین ہمیں پارلیمان کی کارروائی پر سوال اٹھانے سے روکتا ہے لیکن پریذائیڈنگ افسر نے جو کچھ کیا یہ پارلیمانی کارروائی نہیں ووٹ کی چوری تھی،پریذائیڈنگ افسر نے 7 ووٹ یہ نشاندہی کرتے ہوئے مسترد کیے تھے کہ یہ یوسف رضا گیلانی کو ملے ہیں۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بالا فورم سے رجوع کرنا ہمارا حق ہے، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری کرنے کے لیے پریذائڈنگ افسر کے ذریعے غلط کھیل کھیلا گیا، یہ معاملہ سسٹم کے لیے ایک امتحان تھاکیونکہ مستقبل میں بھی اس عمل کو دہرایا جاسکتا ہے، جس سے جمہوری اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔ بلاول نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی قانونی دروازہ کھٹکائے گی،الیکشن چوری کی روایت قائم رکھنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔