یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی درخواست مسترد

638

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن میں صادق سنجرانی کی کامیابی کے فیصلے کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر سماعت کی۔ یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ صدر مملکت نے چیئرمین سینیٹ الیکشن کے لئے جی ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین شاہ کو الیکشن میں پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا۔ شیری رحمان، سعید غنی اور میں نے بیان حلفی عدالت میں دیا ہے کہ سیکرٹری سینیٹ نے خانے کے اندر کہیں بھی مہر لگانے کا کہا تھا اور سیکرٹری سینیٹ کے کہنے کے بعد ہم نے اپنے سینیٹرز کو کہیں بھی مہر لگانے کا کہا۔

چیف جسٹس نے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر فیصلہ محفوط کرلیا تھا، بعد ازاں عدالت نے 13 صفحات پر مشتمل محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔

عدالت کا فیصلے میں کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن پارلیمنت کا اندرونی معاملہ ہے، توقع ہے منتخب نمائندے اور سیاسی قیادت عدالت کو ملوث کیے بغیر تنازعات حل کرنے کی کوشش کریں گے، چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 69 کے تحت پارلیمان کی اندرونی کارروائی میں عدالت مداخلت نہیں کرسکتی۔