اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار اور مینڈیٹ کے مطابق کام کرے،آگے بڑھنے کا واحد راستہ آئین کی بالادستی ہے۔یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول زرداری نے کہا کہ انصاف اور برابری کی بنیاد پر کھڑا ایک جمہوری معاشرہ ہی وہ بنیادی اصول تھے، جن پر یہ ملک قائم کیا گیا لیکن ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں، اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کی عظیم تعلیمات کو بھلا دیا ہے، قائداعظم کی زیر قیادت تحریکِ آزادی کو بھی سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھا، لیکن اس دور کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان مساوات پر کھڑا ایک ملک اور اسلامی ممالک کے لیے رول ماڈل صرف ایک ہی صورت میں بن سکتا ہے
اور وہ یہ ہے کہ پاکستان اس حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہو، جس کی بنیاد پر یہ ملک معرضِ وجود میں آیا تھا، آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہو، ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے مطابق کام کرے، تاکہ قرارداد پاکستان اور تحریکِ آزادی کے اغراض و مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔ پیپلز پارٹی بانی پاکستان کے وژن کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلیے جدوجہد جاری رکھے گی۔