سکھر ،بڑ چوک کے قریب کریکر دھماکا ،3 افراد زخمی

253

سکھر (نمائندہ جسارت) خیرپوراے سیکشن تھانہ کی حدود میں بڑ چوک کے قریب کریکر دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہو گئے جن میں رینجر اہلکار بھی شامل ہے، ایدھی انفارمیشن سینٹر کے مطابق زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں کے نام رینجرز اہلکار امجد، وجے کمار، ریاض ہیں، ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی خیرپور میں ہونے والے دھماکے کے جائے وقوع پر پہنچے، ترجمان پولیس کے مطابق اسپتال میں داخل زخمیوں کی عیادت کی، جائے وقوع والے علاقے کو سیل کر دیا گیا، سخت چیکنگ کی گئی۔ ایس ایس پی کیساتھ ایس پی ہیڈ کوارٹر نوشیروان علی چانڈیو اورڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر مہدی رضا آرائیں بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی خیرپور نے کہا کہ واقعہ ہونے کے بعد اس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے ضلع بھر میں سخت چیکنگ کی جارہی ہے ، واقعے کی ظاہری اور مخفی دونوں پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے ، ملوث ملزمان کو بہت جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے سول اسپتال خیرپور میں زخمیوں کی عیادت کی اور ان کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خاص نواب خان وسان نے خیرپور شہر میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے کہا ہے کہ خیرپور شہر میں ایسا واقعہ ہونا امن کے دشمنوں کی سازش ہے۔ انہوںنے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ،سندھ بھر میں قیام امن کے لیے پاکستان رینجرز نے لازوال قربانی دی ہیں ،دشمن اپنی بزدلانہ کارروائیوں سے سندھ کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں،اس قسم کے ملک دشمن عناصر کو متحد ہو کر ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہوں۔