رمضان کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوگا

345

پشاور (آن لائن) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کرنے کیلیے ہوم ورک شروع کردیا گیا ہے، عید اور رمضان کے چاند پر عرصہ دراز سے موجود تنازعکو حل کرنے کیلیے وزارت مذہبی امور نے اقدامات شروع کردیے ہیں، ملک بھر میں ایک ہی ساتھ رمضان کے آغاز اور ایک ہی روز عید کے لیے مسجد قاسم علی خان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد کیے جانے کے امکانات ہیں جسے حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس کیلیے غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کو بھی اعتماد میں لیا جارہا ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ نے اپنے دورہ پشاور کے موقع پر غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ پشاور میںہونے والے اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان کے علاوہ غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ موسمیات، وزارت سائنس کے حکام بھی موجود ہوں گے۔