گرین لائن بی آر ٹی اگست تک آپریشنل ہوجائے گی، اسد عمر

302

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ گرین لائن بی آر ٹی اگست 2021ء تک آپریشنل ہوجائے گی، وفاقی حکومت بی آر ٹی منصوبے کو تیز کرنے کیلیے تمام اقدامات کر رہی ہے تاکہ کراچی والوں کو درپیش مشکلات کو دور کیا جاسکے، جو فی الحال مناسب عوامی نقل و حمل کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید سفری سہولیات سے دوچار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی میں گرین لائن بی آر ٹی منصوبے کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر، ایس آئی ڈی سی ایل بلال میمن نے وفاقی وزیر کو بی آر ٹی کے آپریشنل اور گرین لائن انفرا اسٹرکچر پر پیشرفت اور خریداری اپ ڈیٹ سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پروٹو ٹائپ بسیں 25 اپریل تک جانچ اور کمیشن کے لیے تیار ہوجائیں گی۔ آئی ٹی ایس معاہدہ پیکج اے پر 26 مارچ کو دستخط ہوں گے جبکہ 2 اپریل تک پیکج بی اور آپریشنل اینڈ منٹرننس ایوارڈ مئی 2021ء تک دیا جائے گا۔ کے سی آر فریٹ کوریڈور منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے اسد عمر نے وزارت ریلوے، ایس آئی ڈی سی ایل اور پی تھری اے کو ہدایت کی کہ وہ پی پی پی/ بی او ٹی طریقوں پر شروع کیے جانے والے باہمی اتفاق رائے سے منصوبوںکو حتمی شکل دیں۔