سکھر،آج واکنگ ٹریک پارک میں قومی پرچم کشائی کی تقریب ہوگی

166

سکھر( نمائندہ جسارت)سکھر واکنگ ٹریک پارک میں یوم پاکستان موقع پر قومی پرچم کشائی کی تقریب ہوگی اور پھولوں کی نمائش بھی منعقد ہوگی، ضلع سکھر میں بھی 23 مارچ کو یوم پاکستان بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، منگل کو صبح 8 بجے لب مہران کے قریب واکنگ ٹریک پارک میں ضلعی انتظامیہ اور ڈویڑنل انتظامیہ کی جانب سے قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر کورونا سے بچائو کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر محمد عدنان راشد نے اپنی آفس میں یوم پاکستان کے پروگرام کو حتمی شکل دینے کیلیے طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، میونسپل کارپوریشن سکھر اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون سکھر محمد عدنان راشد نے کہا کہ واکنگ ٹریک پر قومی پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوگی جس میں ڈویژنل اور ضلعی افسران ریونیو، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، طلبا، اساتذہ، سول سوسائٹی، رضاکار اور اسکائوٹس بھی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر واکنگ ٹریک پر پھولوں کی نمائش بھی لگائی گئی ہے جبکہ مختلف محکموں کی جانب سے اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس، ریونیو، میونسپل اور دیگر اداروں کے افسران کو یوم پاکستان پروگرام کے انتظامات کے سلسلے میں ذمے داریاں دیتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے کی ہدایات بھی دیں۔