ـ23مارچ تحریک پاکستان کا نقطہ آغاز

284

قائداعظم محمد علی جناح نے ایک مرتبہ علی گڑھ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا تھا۔’’پاکستان اْسی دن معرض وجود میں آ گیا تھا جب ہندوستان کا پہلا غیر مسلم، مسلمان ہوا تھا۔یہ اس زمانے کی بات ہے جب یہاں مسلمانوں کی حکومت بھی قائم نہیں ہوئی تھی۔مسلمانوں کی قومیت کی بنیاد کلمہ توحید ہے نہ کہ وطن اور نسل‘‘ آپ نے یہ بھی فرمایا تھا کہ ’’اسلام اور ہندو دھرم محض مذاہب نہیں بلکہ درحقیقت مختلف معاشرتی نظام ہیں یہ لوگ آپس میں شادی بیاہ نہیں کرتے، نہ ایک دسترخوان پر کھانا کھاتے ہیں۔ میں واشگاف لفظوں میں کہتا ہوں یہ دو مختلف تہذیبوں سے واسطہ رکھتے ہیں‘‘۔ 23مارچ 1940ء تحریک پاکستان کا نقطہ آغازہے کیونکہ اس میں قرار داد پاکستان منظور ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن کے حصول کی جدوجہد کا عملی آغاز ہوا۔ لاہور کے منٹو پارک میں آل انڈیا مسلم لیگ کے3 روزہ سالانہ اجلاس کے اختتام پر وہ تاریخی قرارداد منظور ہوئی جس کی بنیاد پر مسلم لیگ برصغیر میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن کے حصول کے لئے صرف 7 برس میں اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب ہوگئی۔ اس تاریخی اجلاس میں شیربنگال مولوی فضل الحق نے تاریخی قرارداد پیش کی جو قیامِ پاکستان کی بنیاد قرار پائی، یہ قرارداد پیش کرتے ہوئے مولوی فضل الحق شیربنگال نے کہا ’’قرار پایا کہ غور و خوض کے بعد آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس کی یہ رائے ہے کہ کوئی بھی آئینی منصوبہ بغیر اس کے اس ملک میں قابل عمل اور مسلمانوں کے لئے قابل قبول نہیں ہو گا۔
جب تک وہ مندرجہ ذیل بنیادی اْصولوں پر مبنی نہ ہو، یعنی یہ کہ جغرافیائی حیثیت سے ایسے متصل علاقے جن کی ضرورت کے مطابق ملکی لحاظ سے اس طرح حدبندی کر دی گئی ہو کہ جن علاقوں میں تعداد کے اعتبار سے مسلمانوں کی اکثریت ہے، جیسا کہ شمال مغربی اورمشرقی حصوں میں ہے۔ وہ خودمختار اور بااختیار ہوں اور یہ کہ ان علاقوں اور منطقوں کے اجزائے ترکیبی میں اقلیتوں کے مذہبی، ثقافتی، اقتصادی، سیاسی، انتظامی اور دوسرے حقوق کے تحفظ کیلئے معقول موثر اور واجب التعمیل تحفظات معین طور پر دستور میں داخل کیے جائیں، جن سے ان کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی حقوق کا تحفظ ہو سکے‘‘۔ یاد رہے کہ مسلمانوں نے اپنے لئے الگ وطن کی بنیاد دو قومی نظریے کو قرار دیاتھا اور یہ نظریہ اسی وقت وجود میں آگیا تھا جب برصغیر میں پہلے غیر مسلم نے اسلام قبول کیا۔پاکستان کا قیام یقیناً بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی فہم و فراست، تدبر، خلوص اور دور اندیشی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔علامہ اقبال کا خواب اور قائد اعظم کا تصورِ پاکستان ایک ایسی آزاد مملکت کا قیام تھاجہاں جمہوریت کا بول بالا اورحکومت عوام کو جوابدہ ہو،جہاں انسانی حقوق کا تحفظ ہونے کے ساتھ ساتھ آزادی و خودمختاری اور عدل و انصاف کا دور دورہ ہو۔کیا آج ہم اپنے وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار، مستحکم اسلامی وفلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیںاگر نہیں تو پھر اس کی بنیادی وجوہات کون سی ہیں؟ یہ وہ بنیادی سوالات ہیں جن کا صرف جواب ہی نہیں چاہئے بلکہ ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے آئندہ کیلئے ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے جامع اور ٹھوس پالسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔قیامِ پاکستان کے وقت ہم ایک قوم تھے لہٰذا اللہ رب العزت کی مدد و نصرت ہمارے شاملِ حال ہوئی لیکن صرف24برس بعد ہی باہمی چپقلشوں اور ذاتی مفادات کی وجہ سے سقوط ڈھاکا کا سانحہ پیش آگیا اور ہم نے آدھا ملک گنوا دیا۔آج باقی آدھے ملک میں ہماری قومیت کروڑوں افراد کے بے ہنگم ہجوم میں کھو چکی ہے