اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے اور درخواست میں موقف اپنایا گیا ہےکہ یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ غیر قانونی طریقے سے مسترد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے چیئرمین کے انتخابات اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیئے ہیں جبکہ یوسف رضا گیلانی کی طرف سے فاروق نائیک نے درخواست دائر کی ہے۔
خیال رہے درخواست میں وفاقی حکومت، صادق سنجرانی، سینیٹ سیکرٹریٹ سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا جبکہ درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ 12 مارچ 2021 کوسینیٹ چیئرمین کے انتخابات منعقد ہوئے ، چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی، یوسف رضا گیلانی کے7 ووٹ غیرقانونی طریقے سے مسترد کیے گئے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت چیئرمین سینیٹ کا بارہ مارچ کا نوٹیفکیشن معطل کرنے سمیت چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کالعدم قرار دے ، یوسف رضا گیلانی کے مسترد ووٹوں کو منظورکرکے چیئرمین سینیٹ قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی نے 48 اور یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ 8 ووٹ مسترد ہوئے جن میں سے 7 ووٹ یوسف رضا گیلانی کے تھے۔