وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کورونا ویکسین لگوا لی

430

اسلام آ باد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے جبکہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے بھی کورونا ویکسین لگوائی تھی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کورونا ویکسین لگوا لی ، شیخ رشید نےسی ڈی اے اسپتال سے سائنوفارم ویکسین لگوائی ہے۔

خیال رہے وزیر داخلہ شیخ رشید پچھلے سال کورونا سے متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد وہ اپنے گھر میں سیلف آئسولیشن میں چلے گئے تھے، بعد ازاں  دوبارہ  ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد  انھیں ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان ، صدر مملکت عارف علوی سمیت کئی رہنما کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں جبکہ وزیراعظم کو  کورونا ویکسین  لگوانے کے 2 روز بعد کورونا پازیٹوو آگیا تھا۔

واضح رہے ملک بھرمیں 60 سال اور زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائے جانے کا عمل جاری ہے اور ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسی نیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسی نیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔

 ویکسی نیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جاچکے ہیں اور آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسی نیشن کی جائے گی۔