اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بوندا باندی ہوئی اور سرد ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی میں بادلوں کا راج ہے اور ہلکی بارش کی وجہ سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں پر بادل چھاگئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں ایبٹ روڈ ، لکشمی چوک ، ڈیوس روڈ ، گڑھی شاہو میں صبح ہلکی بارش ہوئی جبکہ انارکلی، مال روڈ، جیل روڈ ،گلبرگ ،جوہرٹائون، فیروز پور روڈ، ٹھوکر اور اسلامپورہ میں بونداباندی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے خنکی لوٹ آئی ہے۔
پنجاب کے دیگر شہروں میاں چنوں، چشتیاں، رینالہ خورد، جھنگ، شورکوٹ، احمد پور شرقیہ سمیت علاقوں میں بھی بارش سے درجہ حرارت میں گر گیا جبکہ ساہیوال میں صبح سویرے ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بورے والا، پاکپتن، اور چیچہ وطنی میں بھی رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عارف والا اور جڑاںوالا میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ اور ننکانہ صاحب میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بھی مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
واضح رہے پشاور سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے ۔