کوئٹہ، تین بچوں کے قتل کے الزام میں دو ملزمان گرفتار

141

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں تین بچوں کے قتل کے الزام میں دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے، جنہیں پندرہ مارچ کو گھر کے اندر بے دردی سے ذبح کیا گیا تھا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی ایڈووکیٹ کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے، کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان اب تک کئی چھاپے مارے جاچکے ہیں، ملزمان کو حراست لیکر تفتیش کی گئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کے سفاکانہ قتل میں ملوث ملزمان سے متعلق تفصیلات جلد دیدی جائے گی۔ یاد رہے تہرے قتل کا لرزہ خیز واقعہ 15 مارچ کو کوئٹہ کے علاقے نیو سریاب میں پیش آیا تھا، ملزمان نے تین بچوں کو تیز دھار آلے سے گلے کاٹ کر قتل کیا۔ مقتول بچوںکی والدہ بیوٹی پارلر چلاتی ہے جبکہ والد محکمہ تعلیم میں ملازم ہے۔