پی ڈی ایم کو استعفوں سے کس نے روکا ہے؟ حافظ حسین

376

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت)جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے 26مارچ کے مجوزہ رینٹل مارچ میں عوام کی عدم دلچسپی کو بھانپتے ہوئے بڑی ہوشیاری سے استعفوں کومارچ سے نتھی کردیا گیا تاکہ سارا ملبہ پیپلزپارٹی کے سر تھوپ دیا جائے ۔وہ جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں وائس آف لندن اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کے سوا باقی 9 جماعتیں عمرانی حکومت گرانے میں واقعی مخلص ہیں تو وہ اسمبلیوں سے استعفے دینے کی ہمت تو کریں، باقی 9 پارٹیوں کو مستعفی ہو نے سے کس نے روکا ہے؟ اصل معاملہ یہ ہے کہ ان کے اپنے ارکان اسمبلی مستعفی ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں جس کی مثال مسلم لیگ ن کے ان 2 ارکان قومی اسمبلی کی ہے جن کے استعفے اسپیکر کے پاس پہنچ گئے اور مریم نواز کے حکم پر انہوں نے استعفے واپس لے لیے۔ دراصل پی ڈی ایم والے ان اسمبلیوں سے صدر پاکستان، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بننے کے لیے بے تاب تھے۔ آزادی مارچ کے المنا ک انجام اور چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کی یقین دہانی پر آزادی مارچ کے خاتمے سے کارکن اور عوام مایوس ہوئے ۔