کیا کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ ٹوٹ سکتا ہے؟

562

ریاض: دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے نجات کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے اور تمام بڑے ممالک میں اسے ہر شہری کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ رمضان کی آمد، آمد ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ذہنوں میں یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے لگائی جانے والی ویکسین روزے کی حالت میں لی جاسکتی ہے یا نہیں؟

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علما کمیٹی کے سربراہ عبدالعزیز بن عبداللہ آل شیخ کا کہنا ہےکہ کورونا ویکسین لگوانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، ویکسین پٹھے میں لگائی جاتی ہے جس سے روزہ نہیں ٹوٹتا اور نہ ہی ویکسین کھانے پینے کی کوئی شے ہے۔

دوسری جانب اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹویٹیز ڈیپارٹمنٹ دبئی کے مفتی اعظم ڈاکٹر محمد عیادہ الکبیسی کا کہنا ہےکہ علما کا اس بات پر اتفاق ہےکہ رگوں یا گوشت میں لگائے جانے والے انجیکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں بھی اس وقت ویکسین لگانے کا عمل تیزی سے جاری ہے اور رمضان سے قبل ہی وہاں کی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن نے ایک اہم بیان جاری کیا ہے جبکہ  اس حوالے سے علماء کرام کی رائے ہی حتمی ہوگی ، لیکن برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہناہےکہ کورونا ویکسین روزے کی حالت میں بھی لی جاسکتی ہے۔

برطانوی اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ برطانیہ میں اس وقت دی جانے والی کورونا ویکسین سے روزے پر کوئی فرق نہیں پڑتا لہٰذا شہریوں کو رمضان کی وجہ سے کورونا ویکسین کے حوالے سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

واضح رہے اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کا مزید کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی ویکسین پٹھوں کے ذریعے دیا جانے والا انجیکشن ہے جو اس وقت ویکسین دیے جانے کا واحد طریقہ کار ہے اسی وجہ سے ویکسی نیشن کا عمل روزے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔

خیال رہے اس حوالے سے سب علما اپنی اپنی رائے رکھتے ہیں جبکہ بہت سے افراد احتیاط کرنے کا کہتے ہیں۔

روزے کی حالت میں انجکشن لگوانا جائز ہے، خواہ رگ میں لگوایا جائے یا گوشت میں؛  کیوں کہ انجکشن کے ذریعہ جو دوا بدن میں پہنچائی جاتی ہے وہ اصلی راستوں سے نہیں بلکہ رگوں یا مسامات کے ذریعہ بدن  میں  جاتی ہے جبکہ روزہ فاسد ہونے کے لیے ضروری ہے کے بدن کے اصلی راستوں سے کوئی چیز معدے یا دماغ تک پہنچے اور انجکشن میں ایسا نہیں ہوتا، لہٰذا آپ  دوران روزہ انجکشن لگواسکتے ہیں، تاہم یہی حکم ڈرپ کا بھی ہے ، یعنی روزے کی حالت میں ڈرپ لگانے سے روزہ فاسد نہیں ہوتا۔

 (دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن)