لاڑکانہ، 5 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد

317

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری، روپوش و مطلوب 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ رحمت پور پولیس نے دوران گشت رائس کینال سے ملزم شبیر کھوکھر کو پستول اور گولیوں سمیت، اللہ آباد پولیس نے اشتہاری مسعود کلہوڑو کو، کنگا پولیس نے اشتہاری دیدار جانوری کو، تعلقہ پولیس نے دوران چیکنگ بگٹی پھاٹک سے روپوش ملزم مجاہد عمرانی کو اور وارث ڈنو ماچھی پولیس نے دوران گشت مطلوب ملزم مالک پنہیار کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سول لائنز پولیس نے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان جہانزیب عباسی اور محمد خان بھٹو کے حوالے کردیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ بہرام تھانہ پولیس نے قنبر شہر کے مستوئی محلے کے رہائشی محنت کش ریاض حسین مستوئی کو مبینہ مقابلے میں زخمی کرنے کے بعد انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ورثاء کی جانب سے واقعے کیخلاف اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا۔ اس موقع پر ورثاء حاجی گل محمد مستوئی، نذیر احمد مستوئی و دیگر نے الزام عائد کیا کہ بہرام تھانے کے ایس ایچ او احسان بلیدی کی جانب سے گزشتہ روز قنبر مستوئی محلے میں فیصلے کے دوران عوامی اجتماع سے ریاض حسین مستوئی کو گرفتار کرنے کے بعد جھوٹے مقابلے میں زخمی کردیا ہے جو چھے روز قبل دبئی سے قنبر پہنچے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ایس ایچ او بہرام اور ملوث اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔