لاہور (آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ( ن)کے صدر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف و ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے دوبارہ طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ جمعرات کو عدالتی سماعت پر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر
حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے والد شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ شہباز شریف کی حاضری لگائی گئی جبکہ اس کیس میں ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا حمزہ شہباز نے بھی اپنی حاضری مکمل کروائی۔عدالت میں فاضل جج کی خراب صحت کے باعث کسی بھی گواہ کا بیان قلمبند نہ کیا جا سکا۔ عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہان کو دوبارہ طلب کرلیا اور شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی۔