اسلام آباد(اے پی پی)کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر المحمد الصباح وفد کے ساتھ پاکستان پہنچ گئے ،جہاں انہوں نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور اقتصادی تعاون بڑھانے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، کویت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے،دنوں ملکوں کے مابین توانائی، صحت،ٹیکنالوجی، تعلیم اور دفاع کے شعبے میں دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔جمعرات کو یہاں وزارتِ خارجہ میں کویتی وزیر خارجہ نے وفد کے ساتھ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے کویتی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ تشریف آوری پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات خصوصی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زاید پاکستانی کویت میں مقیم ہیں جو کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوری میں کویت کے نائب وزیر خارجہ پاکستان تشریف لائے ان کیساتھ کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے مفید گفتگو ہوئی،ہم پاکستان اور کویت کے مابین پانچویں مشترکہ وزاراتی کمیشن کے جلد انعقاد کے خواہشمند ہیں۔پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کویتی کاروباری کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے خوش آمدید کہیں گے۔شاہ محمود نے توقع ظاہر کی کہ کویت اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن “کے طور پر منانے کی تجویز کو آگے بڑھانے میں معاونت کرے گا۔وزیر خارجہ نے کویتی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔قبل ازیں کویتی وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ کے سبزہ زار میں ایک یاد گاری پودا لگایا۔