اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پراظہار برہمی کرتے ہوئے رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نیاز محمد کوتوہین عدالت اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیاہے۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نیاز محمد بتائیں ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہ کی جائے؟، عدالت نے قراردیاکہ رجسٹرار سپریم اپیلٹ کورٹ نہ خود پیش ہوئے نہ جواب جمع کرایااس لیے دو ہفتوں میں اظہار وجوہ کے نوٹس پر جواب جمع کرائیں۔ جمعرات کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ میں بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سینئروکیل حامد خان نے کہاکہ رجسٹرار کورونا میں مبتلا ہو نے کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، گلگت بلتستان سپریم اپیلٹ کورٹ میں نئے رجسٹرار کے تقرر کے باعث جواب جمع نہیں کرایا جا سکا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ رجسٹرارکو سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرنا چاہیے تھا ہم رجسٹرار کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر رہے ہیں ، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لییملتوی کردی۔