پشاور‘لاہور(صباح نیوز+نمائندہ جسارت) پشاور ہائی کورٹ کے باہر مسلم لیگ (ن)کے رہنما کیپٹن (ر)صفدر کو انڈے پڑگئے جبکہ پولیس نے انڈے پھینکنے والے شخص کو گرفتارکر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے کیپٹن(ر)صفدر کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی تو کیپٹن(ر) صفدر عدالت میں پیش ہوئے،کیپٹن (ر)صفدر عدالت میں پیشی کے بعد واپس نکلے تو نامعلوم شخص نے ان پر انڈے پھینک دیے اور تیزی سے فرار ہو گیا،انڈہ کیپٹن (ر)صفدر کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے کارکن کو لگا، کیپٹن (ر)صفدر انڈہ پھینکنے والے شخص کو پکڑنے کے لیے دوڑے تو وہ رکشے میں بیٹھ کر فرار ہوگیا،اس پر کیپٹن(ر) صفدر اور ان کے حامیوں نے نامعلوم شرپسندوں کے خلاف نعرے بازی کی،کچھ دیر بعد پشاور پولیس انڈے پھینکنے والے شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔علاوہ ازیں لاہور کی سیشن عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کرنے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزامات میں درج مقدمے میں نامزد مسلم لیگ (ن)کے رہنماکیپٹن(ر)صفدر کی عبوری ضمانت میں29مارچ تک توسیع کر دی اور پولیس سے تفتیش و چالان کی بابت مکمل رپورٹ طلب کرلی۔جمعرات کو سیشن عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمے میں ا ن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیپٹن(ر)صفدر پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے ہیں، اس لیے انہیں آج کی پیشی سے استثنا دیا جائے۔ عدالت نے استثنا کی درخواست منظور کر لی اور مقدمے کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف لاہور کے تھانہ شاہدرہ میں اشتعال انگیز تقاریر سمیت 5 دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔