ایران کے نئے میزائل پلیٹ فارم کا انکشاف

215

ڈینور (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی کمپنی نے مصنوعی سیارے سے لی گئی تازہ ترین تصاویر میں ایران کے نئے میزائل پلیٹ فارم کا انکشاف کردیا۔ سیٹلائٹ سے ملنے والی تصاویر کے مطابق میزائل پلیٹ فارم جنوب مغربی ایران کے علاقے بندر عباس کے قریب پہاڑی علاقے خورگو میں قائم ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسار ٹیکنالوجیز نے ایک پہاڑ میں 4 غار دکھائے ہیں، جن میں سے 3 میزائل پلیٹ فارم کے استعمال کے کے لیے مکمل ہوچکے ہیں اور انہیں میزائل لانچرکے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سائٹ پر 3سال پہلے کام شروع ہوا تھا۔ اگر اس پلیٹ فارم نے ایک بار مکمل آپریشنل صلاحیت حاصل کرلی تو اس کے اثرات کو روکنا آسان نہیں ہو گا۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے سمندر کے کنارے ایک نیا میزائل سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ایجنسی ارنا کی رپورٹ کے مطابق میزائل سٹی پروجیکٹ ایرانی بحریہ کے زیراہتمام شروع کیا گیا ہے۔ اس نئے منصوبے میں میزائل سازی کے لیے تنصیبات قائم کی جائیں گی۔ منصوبے کا باقاعدہ افتتاح پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی کی صدارت میں ہوا۔