نوابشاہ، دیہی طبی مرکز کے ملازمین چار ماہ سے تنخواہ سے محروم

261

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) غیر سرکاری ادارے آئی ایچ ایس کے زیر اہتمام نوابشاہ ضلع کے مختلف دیہی طبی مرکز کے ملازمین کا چار ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف مظاہرہ، نوابشاہ پریس کلب کے باہر مظاہرہ اور او پی ڈی کا بائیکاٹ۔ سندھ حکومت کی مالی معاونت اور تعاون سے صحت کی سہولتیں فراہم کرنے والے غیر سرکاری ادارے آئی ایچ ایس کے زیر اہتمام نوابشاہ ضلع کے رورل ہیلتھ سینٹرز کے ملازمین نے گزشتہ چار ماہ کی تنخواہوں کی عدم ادئیگی کیخلاف ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اور دیگر نے رورل ہیلتھ سینٹر کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے طبی سرگرمیاں معطل کر کے نوابشاہ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر آئی ایچ ایس کے ملازمین نے بتایا کہ ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں جاری نہیں کی جارہیں، ہر ماہ صرف تسلی دی جاتی ہے، ہمارے گھروں میں فاقہ کشی کا ماحول ہے، ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، گھر کا نظام چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے، آگے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے، بچوں کے اسکول کی فیس کی ادائیگی بھی ممکن نہیں ہوسکی، اسکول انتظامیہ نے بھی بچوں کو فیس کی ادائیگی تک اسکول آنے سے روک دیا ہے، جس سے پڑھائی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی سندھ، ڈی سی نوابشاہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے تنخواہوں کی فوری ادائیگی کی اپیل کی ہے۔