اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو 24 گھنٹے میں سفری دستاویزات جاری کرنے کی پیشکش کردی،وزیراعظم کا پیغام قطر پہنچادیا ہے ،کیا پیغام تھا یہ نہیں بتاسکتا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھاکہ پی ڈی ایم کے رہنماؤں کے فیصلے کو سراہتا ہوں کیونکہ کم از کم رمضان پرسکون گزرے گا، مولانا فضل الرحمن سے ہاتھ ہوگیا، پی ڈی ایم کی سیاست کو بڑا دھچکا لگا ہے ،عوام نے پی ڈی ایم بیانیے کو مسترد کردیا ہے ، ان میں کافی اختلافات ہیں یہ لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری پتے سینے کے ساتھ لگا کر کھیلتے ہیں جو بھی فیصلہ کیا وہ سوچ سمجھ کر کیا ہوگا۔ مجھے پہلے ہی معلوم تھا کہ مولانا فضل الرحمن کو دھوکا دیں گے، ان میں اتحاد نہیں، عمران خان ہیوی ویٹ ہے، ہٹانا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ نواز شریف پاکستان آنے کا ارادہ کریں تو 24 گھنٹے کے اندر اندر سفری دستاویزات جاری کر دیں گے۔ انہوں نے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمبلیوں میں آئیں اور اصلاحات کریں ۔شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک 18-18سال سے بیٹھے افسروں کو تبدیل کریں گے اور حکومت کی طرف سے خوشخبری سنا رہا ہوں کہ کویت کے ویزے بھی کھلنے جارہے ہیں جو کہ 2011ء سے بند ہیں جس دن کویت کے ائر پورٹ کھل جائیں گے ویزے بھی کھیل جائیں گے۔کویت کے نئے وزیر داخلہ آگئے ہیں جن کا ہمیں انتظار تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ 192ممالک میں آن لائن ویزا کردیا گیا ہے۔