اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)حکومت نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے اور انتخابی اصلاحات کے لیے آئینی ترمیمی بل لانے کا فیصلہ کرلیا۔آئینی ترمیمی بل میں گلگت بلتستان کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دینے اور سینیٹ الیکشن کے ووٹ کو قابل شناخت بنانے کی تجویز دی جائے گی۔وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے بتایا کہ آئینی ترمیمی پیکج پر تجاویز کے لیے اسپیکر اسد قیصر پارلیمان میں موجود تمام جماعتوں کے نمائندوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے۔حکومت کی جانب سے مجوزہ آئینی ترمیمی بل میں گلگت بلتستان کو پاکستان کا عبوری صوبہ بنانے، سینیٹ الیکشن کے ووٹ کو قابل شناخت بنانے، اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینا شامل ہے۔تجویز کے مطابق اوورسیز پاکستانی کو الیکشن جیتنے کے بعد حلف سے پہلے دوہری شہریت ترک کرنا ہوگی۔مجوزہ ترمیم کے مطابق گلگت بلتستان کو عبوری صوبے کا درجہ حاصل ہوگا، وہاں کے منتخب نمائندوں کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی ملے گی، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے گا۔