ڈی سی لاڑکانہ کا مختلف علاقوں کادورہ ،صفائی کے کاموں کا جائزہ

162

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور چانڈیو نے لاڑکانہ شہر کے دڑ محلہ، گجن پور، مراد واہن اور باقرانی روڈ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی، ستھرائی اور سڑکوں کی حالت سمیت دیگر مسائل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے میونسپل و متعلقہ محکموں کے افسران سے شہر میں جاری صفائی، ستھرائی اور ترقیاتی کاموں کے متعلق بریفنگ لی۔ڈپٹی کمشنر نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کو ہر صورت میں مزید بہتر اور یقینی بنایا جائے، نالوں کی صفائی کو بھی تیز کیا جائے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ جاری ترقیاتی کاموں کو بھی فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولیات مل سکیں۔انہوں نے ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو مزید مؤثر بناکر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں اسٹریٹ لائٹ سسٹم کو بھی مزید بہتر بنایا جائے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔دورے کے دوران مختلف محکموں کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔