لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن پراونشل ہائی ویز لاڑکانہ کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال کرکے سیاسی مداخلت اور کلرک منصف کھاوڑ کے سیاسی تبادلے کیخلاف کلرکوں نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر ایگزیکٹو انجینئر دفتر کے سامنے کیمپ قائم کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ یکجہتی کے لیے کلرکوں نذیر حسین، ممتاز علی جوگی، دانش سومرو، ارشاد علی بھٹو، ذوالفقار علی لولائی، عطا محمد شیخ، عبدالستار میرانی، ٹھیکیداروں عبدالحفیظ ابڑو، منور علی ابڑو، علی اکبر بروہی، جانب لاشاری، نذیر احمد کٹو، شفیع احمد چانڈیو، مسعود احمد کلہوڑو، ایپکا ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمد بخش کنبھر سمیت ڈسٹرکٹ ہائی وے کے کلرکوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر یار محمد مگنیجو، زاہد سومرو، اسد اللہ میرجت، غلام سرور شیخ، ایپکا ضلعی جنرل سیکرٹری مبین خان برڑو و دیگر کا کہنا تھا کہ پراونشل ہائی ویز محکمے میں سیاسی مداخلت کے باعث کلرک شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، جنہیں اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا اور اڑکانہ اور قنبر شہدادکوٹ میں جاری ترقیاتی کام بھی شدید متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلرک منصف کھاوڑ کا تبادلہ کرکے انہیں تین ماہ کی تنخواہ سے محروم کیا گیا، جس کے باعث وہ اپنے بچوں کے اسکول کی فیس بھی ادا نہیں کرسکے، ان کے گھر والے فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ، ورکس اینڈ سروسز کے صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، سیکرٹری عمران عطا سومرو سمیت دیگر حکام سے اپیل ہے کہ فوری طور پر منصف کھاوڑ کا تبادلہ منسوخ کرکے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے کلرکوں میں چھائی بے چینی ختم کی جائے بصورت دیگر سندھ کے ہر ضلعی و ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مظاہرے کرکے دھرنے دیے جائیں گے۔