کراچی (سٹاف رپورٹر) مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ چکی ہے اور وہ پاکستان کا ہر انچ ان کے پاس گروی رکھ رہی ہے اور عوام کو کو ہر روز مقروض بھی کر رہی ہے، چند روز قبل پی ٹی آئی کی وفاقی کابینہ نے ایک بل پاس کرکے آئی ایم ایف کی طرف سے رکھے گئے گورنر اسٹیٹ بینک کو ہر قسم کے احتساب سے بری کردیا ہے۔ اس بل کے تحت گورنر اسٹیٹ بینک کو مکمل اختیار دیے گئے ہیں کہ وہ احتساب سے بری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہم اس پر بات کریں گے اور اس کے خلاف آواز بلند اور احتجاج بھی کریں گے۔ منگل کو اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور اس بل کو پارلیمان میں نہ لائے تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فراڈ کے ذریعے سینٹ چیئرمین انتخابات میں 7 ووٹوں کو خارج کیا گیا اس معاملے پر ہم عدالت میں پٹیشن دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت مہنگائی عروج پر ہے اور آئی ایم ایف کے پلان کے تحت مزید 3 روپے بجلی کے نرخ میں اضافہ کا سن رہے ہیں جونہایت ہی قابل مذمت عمل ہے۔