کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہر نائی میں طورغر کے علاقے میں کوئلے کی کان حادثے میں سات کان کن ہلاک ہوگئے، جن کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقہ طور غر میں حادثہ پیش آیا جہاں کوئلہ کی کان پیر کی دوپہر گیس دھماکے کے بعد بیٹھ گئی تھی ، کان بیٹھ جانے کے بعد کان میں آگ بڑک اٹھی اور سات کان کن اندر پھنسے گئے اور دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ سترہ گھنٹے بعد کوئلہ کان میں پھنسے کان کنوں کو نکالنے کیلیے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا اور سات کن کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں ، جاں بحق کان کنوں کی لاشیں جلی ہوئی تھیں۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی سہیل انور کے مطابق کوئلہ کان بیٹھ جانے کے بعد آگ بھڑکنے اور زہریلی گیس کے باعث امدادی ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔
چیف مائنز انسپکٹر شفقت فیاض کے مطابق حادثے کا شکار کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا اور کوئلہ کان حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جبکہ ہرنائی کے علاقے میں کوئلہ کان کان پیر کی دوپہر گیس دھماکے کے بعد بیٹھ گئی تھی۔
چیف مائنز انسپکٹر نے مزید بتایا کہ مرنے والوں میں تین کا تعلق افغانستان اور باقی بلوچستان کے ضلع پشین و ملحقہ علاقوں کے مقامی باشندے تھے۔
خیال رہے حالیہ دنوں میں بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں پیش آنے والا یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے، اس سے قبل مارواڑ میں کوئلے کی کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے کان میں 8 مزدور پھنس گئے تھے۔
جس کے بعد ریسکیو آپریشن میں چھ کان کن کی لاشیں جبکہ 2 کان کنوں کو بے ہوشی کی حالت میں نکال لیا گیا تھا، جاں بحق کان کنوں کا تعلق کوئٹہ، مسلم باغ اور چمن سے تھا۔