اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو جنگ لڑنی ہے تو پاکستان واپس آئیں ، حکومت سے اگر لڑنا ہے توہم سب کو جیل جانا ہوگا۔
آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فیصلے نہ کیے جائیں جس سے انتشار پیدا ہو اور ہماری راہیں جدا ہوجائیں،ہم پہاڑوں میں نہیں پارلیمنٹ میں رہ کر لڑتے ہیں، زندگی کے 14سال جیل میں گزارے۔
شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ آخری سانس تک کے لیے جہدوجہد کے لیے تیار ہیں،ہم نے سینیٹ الیکشن لڑا لیکن اسحق ڈار سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے نہیں آئے،انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو ہوگا۔
آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ نواز شریف پہلے وطن واپس آئیں پھر استعفوں کی بات کریں، مجھے اسٹیبلیشمنٹ کا کوئی ڈر نہیں، نواز شریف کے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا پیپلز پارٹی کے دور میں تنخواہوں میں اضافہ ہوا ۔
لانگ مارچ کے لیے ہمیں1986اور 2007جیسی تیاری کرنا ہوگی، یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ انتخابات میں جمہوری قوتوں نے دھاندلی کا سامنا کیا،مستعفی ہونا وزیر اعظم عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔