کوئٹہ، تین بچوں کی گلاکٹی نعشیں برآمد، گھریلو ملازمہ گرفتار

233

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں تین کمسن بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا، جبکہ سات سالہ بچی شدید زخمی ہوئی،پولیس نے گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق دلخراش واقعہ سریاب کے علاقے محلہ غلام رسول میں پیش آیا۔ تھانہ نیو سریاب پولیس کے مطابق ایک گھر سے تین بہن بھائیوں کی گلہ کٹی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے لاشیں سول اسپتال پہنچائیں جبکہ سات سالہ بچی کشمالہ کو زخمی حالت میں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروںکے مطابق مقتولین کی عمریں پانچ سے دس سال کے درمیان ہیں، جن کی شناخت حسنین احمد، اقصیٰ اور زین العابدین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت بچوں کے والدین گھر پر موجود نہیں تھے۔ گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔