کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیروز آباد پولیس نے خود کو شیخ رشید کا فرنٹ مین ظاہر کرنے والے ملزم کے خلاف خلاف دہشت گردی اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، 3 روز قبل گرفتار ہونے والے ملزم افضل اسلام کے قبضے سے ایک گرنیڈ اور رائفل بھی برآمد ہوئی تھی، پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر اداروں کے نام پر شہریوں کو ہراساں اور سادہ لوح افراد کو بلیک میل کرنے میں ملوث ہے۔ ملزم سے فرنٹ مین بن کر شہریوں سے ریکوری، قبضہ خالی کرانے اور دھمکانے کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے، دوران تفتیش ملزم کے موبائل فون میں ایک وڈیو دیکھی گئی، جس میں ملزم شیخ رشید کے پروٹوکول میں نظر آرہا ہے، ملزم کی گرفتاری 3 روز قبل سندھی مسلم سوسائٹی سے عمل میں آئی تھی، ملزم اس سے قبل بھی کئی مرتبہ گرفتار ہوچکا ہے۔