عدالت عظمیٰ: قرآن کا غلط ترجمہ کرنے کے ملزم کی ضمانت منظور

341

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے توہین مذہب کے ملزم وقار احمد کی ضمانت منظور کرلی، ملزم پر قران پاک کا غلط ترجمہ کرنے کے خلاف ایف آئی اے چنیوٹ میں مقدمہ درج ہے۔ درخواست ضمانت کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی، ملزم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ پیش کیے گئے شواہد پہلے ہی پراسیکیوشن نے قبضے میں لے رکھے تھے، ملزم کی نشاندہی پر براہ راست کوئی ثبوت نہیں ملا، ملزم پر لگائی گئی دفعات قانون کے مطابق نہیں۔ مدعی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ دفعات اور شواہد قانون کے مطابق ہیں، ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ پراسیکوشن نے کس اختیار کے تحت شواہد پہلے ہی حاصل کرلیے؟ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ استغاثہ ٹرائل مکمل کروانے پر توجہ دے۔ ملزم کو روکنے کا فیصلہ کرنا ریاست کا کام ہے۔ عدالت عظمیٰ نے توہین مذہب کے ملزم وقار احمد کی ضمانت منظور کرلی ہے۔