نا اہل غلام حکومت غریب عوام کو پیس رہی ہے، شازیہ مری

182

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت آقاؤں کی غلامی میں آئے روز مہنگائی کرکے غریب عوام کو پیس رہی ہے، نیازی حکومت ہر ایک 2 ماہ بعد تیل کی قیمتیں بڑھا دیتی ہے جبکہ چینی اور آٹا مافیا خود نیازی حکومت کی صفوں میں کھڑے ہیں، ملک میں چوروں اور لٹیروں کا ٹولا غریب عوام پر مسلط کردیا گیا ہے اور اب عوام اس نالائق ٹولے کی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کو پریشان کردیا ہے اور چینی، آٹا، مرغی و دیگر اشیائے خور ونوش کی قیمتیں آسمان تک جا پہنچی ہیں۔ وفاقی ادارا شماریات کی مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں گزشتہ روز پھر اضافہ دیکھا گیا ہے اور حکومت اس پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ دھاندلی کی پیداوار حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور ایسا لگتا ہے عوام کو ریلیف دینا ان کے منشور کا حصہ ہی نہیں، کٹھ پتلی حکومت کو کھوکھلی بیان بازی کے بجائے عوام کو ریلیف دینے پر کام کرنا چاہیے تاکہ غریب عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔