سکھر، کتے نے بارہ سالہ بچے کو حملہ کر کے زخمی کردیا

235

سکھر (نمائندہ جسارت) وڈا پٹنی کے علاقے میں پالتو کتے نے بارہ سالہ بچے حاکم ولد ہادی بخش کو حملہ کر کے زخمی کردیا، نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، شکاری کتے کے بھنبھوڑنے سے بچہ لہولہان ہوگیا، لواحقین کی شکایات کے مطابق ایمرجنسی وارڈ میں پیرا میڈیکل اسٹاف نے کتوں کے حملے میں شدید زخمی ہونے والے کو ابتدائی طبی امداد دی، جبکہ ڈاکٹر گھومتے رہے اور بچے کے قریب نہیں آئے، علاقہ مکینوں نے حملہ آور کتوں میں سے ایک کو ہلاک کردیا، جس پربا اثر شخص نے پٹی تھانہ پر زخمی بچے اور اس کے والد پر شکاری کتے کو مارنے کی این سی داخل کی۔ اطلاعات کے مطابق گوٹھ وڈا پٹنی میں بکریوں کو چرانے کے لیے جانے والے بچوں پر علاقے کے پالتو شکاری پانچ سے زائد شکاری کتوں نے حملہ کر دیا، بچوں نے بھاگ کر جان بچائی، تاہم ایک بارہ سالہ بچے حاکم علی کو شکاری کتوں نے بھنبھوڑ کر رکھ دیا، جسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں سول اسپتا ل سکھر کے سرجیکل آئی سی یو میں منتقل کیا گیا، جہاں علاج کیا جا رہا ہے، بچے کے والد نے میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ ان پالتو کتوں کے باعث علاقہ مکین سخت مشکلات کا شکار ہیں، گھروں اور باہر محفوظ نہیں رہے ہیں، انہیں پال کر فروخت کیا جاتا ہے، دو دن قبل ہمارے گاؤں میں پالتو کتے گھروں میں موجود چھے سے زائد بکریوں پر حملہ کر کے ہلاک کرچکے ہیں، پٹنی تھانہ پولیس کو اطلاع کے باجود کوئی نوٹس نہیں لیا ہے، اس کے برعکس کتے کو مارنے پر با اثر شخص کی جانب سے ہم پر کیس درج کرانے کے لیے این سی داخل کرائی گئی ہے۔