ڈیرہ اسماعیل خان(آن لائن )پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ استعفوں کے بغیر لانگ مارچ کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی کے استعفے اپنی اپنی جماعتوں کے سربراہان کو پہنچ چکے ہیں، 15 مارچ کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور لانگ مارچ کا طریقہ کار ترتیب دیا جائے گا۔وہ جامعہ معارف الشرعیہ میں ضلع ڈی آئی خان، ضلع ٹانک کی مجالس شوریٰ اور ضلع ڈی آئی خان کی تحصیلوں کی مجالس عاملہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کے وفادار ہیں کسی ایک ادارے کے وفادار نہیں بن سکتے، ہم نے کبھی بھی مسلک کا فرق نہیں کیا ،پوری قوم کو ساتھ لیکر چلے ہیں، فرقہ واریت میں ہمیشہ ریاستی ادارے ملوث رہے ہیں ،وہ اپنے مفادات کے لیے قوم کو ایک نہیں دیکھنا چاہتے۔